کرکٹ کی دنیا میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کو ایک خاص اور روایتی مقام حاصل ہے، مگر بہت سے شائقین آج بھی یہ جاننے سے قاصر ہیں کہ آخر یہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کیا ہے، اس کا نام باکسنگ کیوں رکھا گیا اور اس کا کرسمس سے کیا تعلق بنتا ہے۔ بعض لوگ اسے باکسنگ کے کھیل سے جوڑتے ہیں، حالانکہ حقیقت اس سے بالکل مختلف ہے۔
درحقیقت کرسمس عیسائیوں کا مذہبی تہوار ہے جو ہر سال 25 دسمبر کو منایا جاتا ہے، جبکہ کرسمس کے اگلے دن یعنی 26 دسمبر کو باکسنگ ڈے کہا جاتا ہے۔ یہی وہ دن ہے جس سے کرکٹ کی مشہور روایت، باکسنگ ڈے ٹیسٹ، جڑی ہوئی ہے۔
آسٹریلیا کے تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (MCG) میں ہر سال 26 دسمبر سے شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کہلاتا ہے، جو عموماً پانچ دن یعنی 30 دسمبر تک جاری رہتا ہے۔ یہ میچ نہ صرف آسٹریلیا بلکہ پوری کرکٹ دنیا میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
باکسنگ ڈے کا نام کہاں سے آیا؟
باکسنگ ڈے کے نام کے حوالے سے مختلف تاریخی روایات پائی جاتی ہیں۔ ایک روایت کے مطابق قدیم دور میں چرچز میں لگائے جانے والے خیراتی ڈبے (Alms Boxes) کرسمس کے بعد یعنی 26 دسمبر کو کھولے جاتے تھے اور ان میں موجود عطیات غریبوں میں تقسیم کیے جاتے تھے۔ انہی ڈبوں کی وجہ سے اس دن کو باکسنگ ڈے کہا جانے لگا۔
دوسری روایت وکٹورین دور سے جڑی ہے، جب امیر گھرانے اپنے ملازمین کو 26 دسمبر کے روز تحائف دیا کرتے تھے۔ یہ تحائف عموماً ڈبوں یا باکسز میں پیک ہوتے تھے، جس کی وجہ سے اس دن کو باکسنگ ڈے کا نام ملا۔
کرکٹ اور باکسنگ ڈے کا تعلق
آسٹریلیا میں دسمبر کے مہینے میں موسم کرکٹ کے لیے انتہائی موزوں ہوتا ہے، اسی لیے ہر سال 26 دسمبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ میچ کا آغاز کیا جاتا ہے۔ وقت کے ساتھ یہ روایت مضبوط ہوتی چلی گئی اور یہ میچ کرکٹ کے سب سے بڑے اور روایتی مقابلوں میں شمار ہونے لگا۔
1980 کے بعد سے آج تک مسلسل ہر سال 26 دسمبر کو ایم سی جی میں ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا ہے، جسے دنیا بھر میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ رواں سال بھی 26 دسمبر کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ اسی روایت کا حصہ تھا۔
باکسنگ ڈے صرف کرکٹ تک محدود نہیں
دلچسپ بات یہ ہے کہ باکسنگ ڈے صرف کرکٹ سے ہی منسلک نہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں اس دن فٹبال، ہارس ریسنگ اور دیگر بڑے اسپورٹس ایونٹس بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ لوگ اس دن خریداری، خیرات، تفریح اور گھومنے پھرنے کو بھی خاص اہمیت دیتے ہیں۔
پاکستان اور باکسنگ ڈے ٹیسٹ
پاکستان کرکٹ ٹیم اب تک چار مرتبہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کھیل چکی ہے۔
-
پہلا میچ 1983 میں کھیلا گیا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔
-
2009 میں دو باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دی۔
-
پاکستان نے آخری بار 2016 میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کھیلا، جس میں بھی میزبان آسٹریلیا کامیاب رہا۔
بھارت سمیت دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی گزشتہ دہائیوں سے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کھیلتی آ رہی ہیں، تاہم یہ روایت سب سے زیادہ آسٹریلیا اور میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے ساتھ جڑی ہوئی سمجھی جاتی ہے۔
یوں باکسنگ ڈے ٹیسٹ نہ صرف کرکٹ کی تاریخ کا اہم باب ہے بلکہ یہ کھیل، ثقافت اور روایت کا ایک خوبصورت امتزاج بھی ہے، جو ہر سال شائقینِ کرکٹ کے لیے ایک خاص کشش رکھتا ہے۔
